ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی ضلع کے ملپے میں نقلی آدھار کارڈس کے ساتھ 9 بنگلہ دیشی باشندے گرفتار

اڈپی ضلع کے ملپے میں نقلی آدھار کارڈس کے ساتھ 9 بنگلہ دیشی باشندے گرفتار

Sat, 12 Oct 2024 17:40:21    S.O. News Service

اڈپی  ،12 / اکتوبر (ایس او نیوز) ملپے شہر میں وادابھنڈیشور بس اسٹینڈ کے پاس پولیس نے نقلی آدھار کارڈ رکھنے والے 9 بنگلہ دیشی باشندوں کو گرفتار کیا ہے ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ لوگ ماہی گیری کی صنعت میں ملازمت کی تلاش کرنے کے مقصد سے ہندوستان میں داخل ہوئے تھے ۔ ان میں سے محمد مانک نامی ایک شخص نے منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے دبئی کا سفر کرنے کی کوشش کی تو امیگریشن چیکنگ کے وقت یہ پتہ چلا کہ اس شخص کی اصلی شناخت بنگلہ دیشی باشندے مانک چوک راجستھانی کے طور پر ہے ۔ 
    
مانک سے تفتیش کے دوران افسران کو معلوم ہوا کہ دیگر بہت سے بنگلہ دیشی ماہی گیری بندرگاہ کے شہر ملپے میں موجود ہیں ۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے جن افراد کو گرفتار کیا ان کے نام حکیم علی ، سوجون، اسماعیل، کریم، سلام، راج کول، محمد سوجیب، کاجول اور عثمان بتائے گئے ہیں۔  پولیس کا کہنا ہے کہ یہ لوگ نقلی دستاویزات تیار کرکے ہندوستان میں داخل ہوئے ہیں اور ان کے قبضے سے نقلی آدھار کارڈ بازیافت ہوئے ہیں۔ 
    
پولیس کے بیان کے مطابق اگرتلہ سکم کے رہنے والے کاجول نے ان تمام لوگوں کے لئے نقلی آدھار کارڈ حاصل کیے تھے ۔ عثمان ان لوگوں کو ہندوستان میں داخلہ دلانے اور ملازمت کے انتظامات کرنے کا ذمہ دار ہے ۔  
    
ضلع ایس پی ڈاکٹر ارون کمار نے بتایا :" ہمیں اطلاع ملی تھی کہ سات بنگلہ دیشی غیر قانونی طور پر ملپے کے اندر مقیم ہیں ۔ منگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر محمد مانک کو تحویل میں لینے کے بعد امیگریشن افسران نے ہمیں چوکنا کیا ۔ مانک کے ساتھ رہنے والے سات دیگر افراد کو ہم نے گرفتار کیا ہے ۔ یہ لوگ گزشتہ تین سال سے ملپے میں مقیم تھے ۔ تفتیش کے دوران ان کے پاس سے نقلی دستاویزات ضبط کیے گئے ۔"
    
انہوں نے کہا کہ ملپے پولیس اسٹیشن میں ان لوگوں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ۔ ہم معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں ۔ ملزمین پولیس کسٹڈی میں ہیں اور جلد ہی عدالت میں رپورٹ جمع کی جائے گی ۔ 


Share: